• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر لیاقت حسین کی اسپتال سے نعت پڑھتے ویڈیو وائرل

گزشتہ دنوں عالمی وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہونے والے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اسپتال میں نعت پڑھتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے گزشتہ کچھ دنوں سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ایک گھنٹہ پہلے ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی نیبولائزیشن ہورہی ہے جبکہ وہ نعت پڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے نعت پڑھنے کے بعد اپنے چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’جب میری نیبولائزیشن ہوتی ہے تو میں نعت پڑھتا ہوں۔‘

اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’علی الصباح سب نے میری خیریت دریافت کی لہٰذا میری صحت و تندرستی کی خاطر دُعا کے لیےاٹھنے والے ہر ہاتھ کو میں(عامر لیاقت حسین) عقیدت بھرا سلام پیش کرتا ہوں۔‘

عامر لیاقت حسین نے لکھا کہ ’ہمارا رب اپنےحبیب ﷺ کے طفلیل روز بروز فرشتوں کی سرگوشیاں سنواتاہے،‘اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے ایک شعر کچھ یوں لکھا:

دستگیری مری تنہائی کی تُونے ہی تو کی
میں تو مرجاتا اگر ساتھ نہ ہوتا تیرا

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ سب پوچھ رہے تھے کہ میں کیا کررہا ہوں تو میں آپ کو بتا دوں کہ میں نعت پڑھ رہا ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں عامر لیاقت حسین نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ وہ اور اُن کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عامر لیاقت حسین کی طبیعت زیادہ بِگڑ گئی تھی جس کے بعد سے وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جبکہ اُن کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین