• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابی پیرزادہ طیب اردوان کی لمبی عُمر کیلئے دُعاگو

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے تُرک صدر رجب طیب اردوان کی لمبی عُمر کے لیے دُعائیہ پیغام جاری کیا ہے۔

تُرک صدر رجب طیب اردوان کو اپنا پسندیدہ مسلمان لیڈر قرار دینے والی رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر طیب اردوان کا ایک ٹوئٹ شیئر کیا ہے جس میں تُرک صدر نے تُرکی میں ہونے والے ’موسیقی ایکسپو میلہ‘ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

رجب طیب اردوان کی جا نب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ موسیقی ایکسپو میلے میں موجود سامعین سے خطاب کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

رابی پیرزادہ نے تُرک صدر کا ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری دُعا ہے، اللّہ تعالیٰ آپ کو لمبی عُمر عطا کرے۔‘

اُنہوں نے طیب اردوان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’سر میں جب بھی آپ کی پوسٹ دیکھتی ہوں تو میں آپ کی لمبی زندگی اور خوشی کی دُعا کرتی ہوں۔‘

آخر میں رابی پیرزادہ نے تُرک صدر کو پورے پاکستان کی طرف سے محبت، عزت اور سلام بھی پیش کیا۔

اس سے قبل رابی پیرزادہ نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے تُرک صدر رجب طیب اردوان کو اپنا پسندیدہ مسلمان لیڈر قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رابی پیرزادہ نے ترک صدر طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی پینٹنگ بنائی تھی اور کہا تھا کہ رجب طیب اردوان عالمِ اسلام کے عظیم رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ اُنہوں نے ہمیشہ اُمت مسلمہ کو متحد رکھنے کے لیے کوششیں کی ہیں اور دُنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔

ٓاُنہوں نے تُرک صدر کے لیے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی خواہش ہے کہ وہ یہ پینٹنگ رجب طیب اردوان کو تحفے میں دیں۔

تازہ ترین