• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رابی پیرزادہ نے طیب اردوان کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیدیا

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے تُرک صدر رجب طیب اردوان کو اپنا پسندیدہ مسلمان لیڈر قرار دیا ہے۔

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے والی رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عبداللّہ بن مسعود نامی صارف کا ایک ٹوئٹ شیئر کیا جس میں اُنہوں نے آذربائیجان اور تُرک صدر کی ایک تصویر شیئر کی۔

صارف کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دونوں دوست ممالک کے یہ صدور آذربائیجان کی کامیابی پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’مبارک ہو آذربائیجان، یہ فتح آذربائیجان، ترکی اور تمام مسلمانوں کے لئے خوشی کی بات ہے۔‘

رابی پیرزادہ نے صارف کا پیغام اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’طیب اردوان مسلم دنیا میں میرے پسندیدہ لیڈر ہیں۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل رابی پیرزادہ نے ترک صدر طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اُن کی پینٹنگ بنائی تھی اور کہا تھا کہ رجب طیب اردوان عالمِ اسلام کے عظیم رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔

رابی پیرزادہ نے کہاتھا کہ اُنہوں نے ہمیشہ اُمت مسلمہ کو متحد رکھنے کے لیے کوششیں کی ہیں اور دُنیا بھر میں مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اُٹھائی ہے۔

ٓاُنہوں نے تُرک صدر کے لیے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی خواہش ہے کہ وہ یہ پینٹنگ رجب طیب اردوان کو تحفے میں دیں۔

خیال رہے کہ نگورنوکاراباخ کے تنازع پر آذربائیجان اور آرمینیا میں گزشتہ 2 ماہ سے جاری جنگ اختتام کو پہنچ گئی، دونوں ممالک کے درمیان روس کی معاونت سے امن معاہدہ طے پاگیا ہے۔ آذربائیجان کے صدر نے جنگ بندی معاہدے کو اپنے ملک کی فتح قرار دیا ہے۔

عالمی طور پر تسلیم شدہ آذربائیجان کے علاقے نگورنوکاراباخ کے معاملے پر امن معاہدے کو آذربائیجان کی فتح قرار دیا جارہا ہے۔

معاہدے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، آرمینیائی وزیر اعظم نکول پشنیان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے دستخط کیے۔

آذربائیجان کے صدر نے معاہدے کے بعد اپنے ملک کی فتح کا اعلان کیا جبکہ معاہدے پر عمل درآمد بھی شروع ہوگیا ہے۔

تازہ ترین