• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی الاٹمنٹ کیس: مصطفیٰ کمال پر فرد جرم عائد


غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

کراچی میں غیر قانونی الاٹمنٹ کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر تین میں ہوئی۔

نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزمان نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں 198 پلاٹ غیر قانونی طریقے سے پر الاٹ کیے۔

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ مصطفیٰ کمال نے بطور سٹی ناظم کراچی پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔

عدالت نے کیس میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمان، افتخار قائم خانی، نذیر زرداری اور داؤد ممتاز حیدر پر فرد جرم عائد کر دی۔

تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا، احتساب عدالت نے 5 دسمبر کو ملزمان کے خلاف گواہ طلب کر لیے۔

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ ملک میں آئیڈیل بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بات کے بعد لوگوں کو ڈر سا لگنے لگتا ہے، ملک میں آئیڈیل بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی الیکٹورل اصلاحات کاخیر مقدم کرتے ہیں، الیکٹورل اصلاحات کرلیں تاکہ آئندہ کوئی الیکشن چرانہ سکے، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے الیکٹورل اصلاحات کریں۔

انہوں نے کہا کہ کشمور سے کراچی تک کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، پیپلزپارٹی اور بلاول کو زیب نہیں دیتا کہ وفاق پر اُنگلی اٹھائیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جب تک متبادل نہیں دیں گےکوئی اپنا مکان نہیں چھوڑے گا، جن کے گھر توڑنے ہیں آبادی بنا کر دیں ورنہ کہیں اور جاکر قبضہ کریں گے۔

اُن کا کہنا ہے کہ نالوں سے قبضے ہٹانے ہیں تو متبادل پلاٹ اور 1لاکھ روپے دیں، لیاری ایکسپریس وے کے طریقے پر نالوں سےگھر ہٹائے جائیں۔

مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا ہے کہ زرداری اور نواز شریف پر الزام کو چھوڑیں آج کی چوری روکیں، اس حکومت کے آنے کے بعد ملک میں جمہوری کُو ہوگیا ہے۔

تازہ ترین