• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں، کنٹینر پہنچا دیے گئے



اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے جلسے کے لیے پشاور میں تیاریاں جاری ہیں، دلزاک روڈ چوک پر کنٹینر پہنچا دیے گئے۔

جلسہ گاہ میں پوسٹر، بینر، لاؤڈ اسپیکر اور ساؤنڈ سسٹم کی تنصیب جاری ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے دو فیصد اور حکومتی کورونا سے سو فیصد خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کورونا چھ ماہ رہ گیا تو بھوک سے مار دے گا۔

امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کو عوام کی فکر ہوتی تو ہم کیوں نکلتے؟

پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی کہتے ہیں پہلے کووڈ 18 سے چھٹکارا حاصل کریں گے پھر کووڈ 19 سے بھی نمٹ لیں گے۔

پشاور: پی ڈی ایم جلسہ، متبادل روٹس پلان جاری

پشاور میں اپوزیشن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس کا پلان جاری کردیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے پشاور ضلع میں صبح سے لے کر رات تک بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا ہے۔


متبادل روٹس پلان کے مطابق اسلام آباد سے آنے والے مردان رشکئی انٹر چینج پر اتر کو نوشہرہ جی روڈ، پیرز کوڑی پل کا راستہ استعمال کریں۔

چیف ٹریفک آفیسرکے مطابق پشاور میں داخل ہونے کے لئے چارسدہ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔

ٹریفک پلان کے مطابق جنوبی اضلاع سے آنے والے فرنٹیئر روڈ متنی سے سربند اور باڑہ روڈ کے راستے رنگ روڈ سے پشاور میں داخل ہوں۔

پشاور ٹریفک پولیس کے مطابق پشاور میں داخل ہونے کیلئے کوہاٹ روڈ سیفن چوک سے پی اے ایف روڈ، رنگ روڈ اور عمر گل روڈ کا راستہ استعمال کریں۔

حکومت کو کسی محاذ پر چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام و پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی نہیں چوری کے مینڈیٹ کی نمائندہ ہے، حکومت کو کسی محاذ پر چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایک ٹرمپ چلاگیا اب پاکستانی ٹرمپ کو بھی چلتا کریں گے، اس حوالے سے ہر شخص کو بڑی سنجیدگی سے کردار ادا کرنا چاہئے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کل پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا، کوئی بہانہ نہ ملا تو کہہ دیا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور کے شہری بی آر ٹی کی حالت دیکھ کر ملک کی حالت جان سکتے ہیں، ہم ملک کے ہر مکتبہ فکر اور ہر طبقہ کی نمائندگی کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے بیٹھنے نہیں دیں گے، ملک میں ناجائز حکومت کے خلاف تحریک جوبن پر ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ حکمران بذات خود بڑا کورونا وائرس ہیں، کورونا 19 کے ساتھ ساتھ ہم کورونا 18 کی بھی بات کرتے ہیں۔

تازہ ترین