• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جزائر سے متعلق سندھ  حکومت کے اعتراضات مل بیٹھ کر دور کریں گے، اسد عمر، عمران اسماعیل

جزائر سے متعلق سندھ  حکومت کے اعتراضات مل بیٹھ کر دور کریں گے، اسد، عمران 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جزائر سےمتعلق سندھ حکومت کے اعتراضات مل بیٹھ کر دو ر کرینگے، جزائر سندھ کیلئے گیم چینجر ، ریونیو صوبےکو ملے گا، وزیراعظم کراچی منصوبوں کا خود جائزہ لینا چاہتے ہیں،گرین لائن منصوبہ ستمبر 2021سے پہلے مکمل ہو جائے گا، حکومت سندھ نے کراچی کے لئے 700 ارب روپے کا بجٹ رکھا ہے تو وہ خرچ کیوں نہیں کرتے، وزیراعظم عمران خان کراچی کے منصوبوں کا جائزہ لیں گے اس کے بعد کراچی کے عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گاکہ اب تک کتنی پیش رفت ہوئی ہے ، کراچی کی عوام کے ساتھ جو وعدہ کیا گیا ہے وہ بروقت مکمل کیا جائے گا، جزائر کے حوالے سے حکومت سندھ کے جو بھی اعتراضات آئیں گے ہم انہیں مل بیٹھ کر دو ر کریں گے، یہ جزیرہ سندھ کی معاشی صورتحال کے لئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر او رگورنرسندھ عمران اسماعیل نے مشترکہ طور پر دومنصوبوں کی تختیوں کی نقاب کشائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان منصوبوں میں ایم اے جناح روڈ نمائش پر گریڈ ورکس آف بی آر ٹی کامن کوریڈور انڈرگراونڈ فیسلٹیزکا افتتاح اور بی آر ٹی کامن کوریڈور ایم اے جناح روڈ کے ساتھ تاج میڈیکل کمپلکس سے میونسپل پارک تک کے سنگ بنیاد رکھنا شامل ہیں۔ وفاقی وزیراسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی کو آج تک ماڈرن ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں مل سکا، اور گرین لائن کراچی کے لئے سنگ میل ہوگا، اگلے سال کے وسط تک گرین لائن چلتی ہوئی نظر آئے گی، اس پر میں ایس آئی ڈی سی ایل کی ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل خود اس منصوبہ کو مانیٹرکرتے ہیں اس حوالے سے ان کی کاوشوں کو بھی سراہنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی منصوبوں کا خود جائزہ لینا چاہتے ہیں، کراچی میں وفاق کے ذمہ پانچ پروجیکٹس ہیں جس کے اندر کے فور، دو ریلویز کے پروجیکٹ،کراچی سرکلر ریلوئے اور فریٹ کوریڈور ہے جو کراچی پورٹ سے پیپری تک جائے گا، گرین لائن ہے شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پانچواں منصوبہ نالوں کی صفائی اور پھر اس پر کام ہونا ہے تا کہ اس مسلہ کا مستقل بنیاد پر حل نکالا جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے دو ماہ پہلے بتایا تھا کہ کراچی کے منصوبوں کے لئے سندھ حکومت نے 700 ارب روپے بجٹ رکھا ہے تو وہ 700 ارب روپے خرچ کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جن منصوبوں پر آج تحریک انصاف کی حکومت کام کررہی ہے اس سے پہلے ان منصوبوں پر صرف باتیں ہورہی تھی، لیکن اس دفعہ باتیں نہیں بلکہ کام ہوتا ہوا نظرآئے گا۔ جزائر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے۔ جو بھی ترقی ہوگی سندھ کے لئے ہوگی، یہاں لوگوں کو روزگار ملے گا اور اس سے ریونیوں حاصل ہوگی۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آج ایک منصوبہ کا افتتاح کیا ہےجزائر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جزائر سندھ کے لئے گیم چینجر ہوگے اور اس سے حاصل ہونے والا ریونیو حکومت سندھ کو ملے گا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ ہم توقع کررہے ہیں کہ یہاں 50 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر حال میں سندھ کے لئے خوشخبری ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اس وقت حکومت سندھ کے جو بھی اعتراضات آئیں گے ہم انہیں مل بیٹھ کر دور کریں گے، یہ جزیرہ سندھ کی معاشی صورتحال کے لئے بہت اہم ثابت ہوگا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کشمور کا واقعہ افسوسناک تھا، ہمارے گھر میں بھی بچیاں ہیں۔

تازہ ترین