مانچسٹر(نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان میں ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف سب سے زیادہ سیٹیں لیکر بڑی جماعت بنکر ابھری ہے ۔ تحریک انصاف کے برطانیہ میں بسنے والے کارکنان اور پارٹی عہدیداران کے اندر خوشی کے لہر پائی جاتی ہے۔ اس موقع پر برطانیہ کے ممتاز سیاسی وسماجی رہنما چوہدری راسب خان نے ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی فتح تاریخی ہے، اسکی دو بنیادی وجوہ ہیں، ایک وزیراعظم عمران خان نے جو گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کیا دوسرا پچھلے دس سالوں سے پہلے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی حکومتوں نے وہاں کی عوام کے دل جیتنے کے لیے خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیئے، گلگت بلتستان کی عوام باشعور ہے، جب انکے پاس تیسری آپشن آئی تو انہوں نے عوام کی بہتری کے لیے تحریک انصاف کو ووٹ دیئے، ان کا مذید کہنا تھا کہ تحریک انصاف گلگت بلتستان کی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی اور انکو بھی باقی صوبوں کے مطابق برابری انصاف کی بنیاد پر مالی امداد دی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی مدبرانہ قیادت میں پاکستان نے زبوں حال معیشت کو استحکام دے دیا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے اور اب دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پوری دنیا معاشی طور پر بے حد متاثر ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے مربوط حکمت عملی سے اس پر قابو پایا اور معیشت بھی غیر مستحکم نہیں ہوئی، جلد ہی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی منزلیں طے کرے گا اور گلگت بلتستان کو مکمل صوبہ بنا دیا جائے گا اور وہاں کے عوام احساس محرومی سے نکل کر قومی دھارے میں شامل ہو نگے ۔