سوات‘مینگورہ (نمائندگان جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عمران خان نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دے دیا، ایک وزیر نے بتایا پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہونے والی ہے۔
پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی پالیسیوں میں کوئی اختلافات نہیں، یہ صرف اقتدار کے گھوڑے پر سوار ہونے اور دودھ کی بوتل کے لیے لڑ رہے ہیں۔ پی ڈی ایم کا مقصد عوام کے مسائل کا حل نہیں، بلکہ چند خاندانوں کی سیاست کو زندہ رکھناہے۔
لوگوں کو مافیاز، سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور ٹھیکیداروں کی سیاست سے کچھ نہیں ملے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گراسی گرائونڈ سوات میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف چاہتے ہیں تو انہیں نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کے دست و باز بننا ہوگا۔ گلگت بلتستان الیکشن پر بھی پی پی اور ن لیگ رو رہی ہیں۔
اصل خرابی انتخابی نظام میں ہے جب تک انتخابی نظام شفاف اور غیر جانبدار اور پولنگ اسٹیشن آزاد نہیں ہوتا، عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا۔
سیاسی جماعتیں انتخابی نظام کی اصلاح اور شفافیت پر متحد ہو جائیں تو خرابیوں پر قابو پایا جاسکتاہے اور پھر کوئی الیکشن کو یرغمال بنانے اور انتخابات چوری ہونے کا رونا نہیں روئے گا۔
جماعت اسلامی کی مہنگائی بے روزگاری کے خلاف تحریک کامیابی سے ہمکنار ہو کر رہے گی۔ ہم غریب کسانوں، مزدوروں اور بے روزگارنوجوانوں کی بات کررہے ہیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت 73 سالہ ملکی تاریخ کی نااہل اور ناکام ترین حکومت ہے۔ حکومت نے آٹھ سو دنوں میں آٹھ سو جھوٹ بولے اور اپنا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا۔
عمران خان کہتے ہیں کہ بڑا لیڈر بننے کے لیے بڑے بڑے یوٹرن لینا پڑتے ہیں۔ انہوں نے جھوٹ کو یوٹرن کا نام دیدیاہے۔