ملتان (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔ہندوستان نے اس مقصد کیلئے ایک سیل بنایا ہے جس کے لیے 80 ارب کے لگ بھگ رقم مختص کی گئی ہے۔ پاکستان نے اپنے خدشات سے عالمی برادری کوآگاہ کردیا ہے۔ بھارتی ہتھکنڈوں پرپاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اس کو ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156کی مختلف کونسلوں 17ʼ18ʼ21ʼ63کے دورہ کے دوران تقریبات سے خطاب ‘ وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہندوستان کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے، دہلی اور گجرات میں جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے ۔میڈیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کے حوالے سے پاکستانی خدشات کو عالمی برادری تک پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کورونا کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے۔اگر عوام کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کریں گے تو حکومت کو مجبوراً سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔