اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے بنی گالہ میں تجاوزات کیس میں سی ڈی اے کو تعمیرات کی ریگولرائیزیشن کا عمل شفاف بنانے کا حکم دیتے ہوئے کورنگ نالے کے پانی کی کوالٹی رپورٹ طلب کرلی، جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کو کورنگ نالے میں سیوریج کا پانی شامل کرنے سے روکا جائے، سوسائٹیوں کیلئے اپنا سیورج پلانٹ لگانے کی شرط بھی این او سی میں شامل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں پر پانی کی ٹریٹمنٹ کیلئے نصب پلانٹ آپریشنل نہیں ہوئے ہیں،ٹریٹمنٹ پلانٹ کا ڈھانچہ بن چکا ہے لیکن فزیکل طور پر پلانٹ بحال نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے عمارتوں کی ریگولرائیزیشن کے عمل کو شفاف بنائے،ریگولرائیزیشن کے عمل میں کسی قسم کی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔