• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 954 کیسز، 48 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، یہاں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب ان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کورونا وائرس کے 38 ہزار 165 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کُل 52 لاکھ 56 ہزار 120 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں، جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7 اعشاریہ 5 فیصد رہی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 954 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 48 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 875 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 744 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 40 ہزار 379 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 751 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔


سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 64 ہزار 651 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات 2 ہزار 845 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 15 ہزار 138 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 879 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 44 ہزار 932 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 330 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 27 ہزار 555 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 285 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 16 ہزار 846 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 163 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 6 ہزار 203 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 147 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 558 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 95 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین