گلگت بلتستان کےانتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شکایت اور نتائج کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مختلف مقامات پر احتجاج اوردھرنا آج بھی جاری ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین کہتے ہیں کہ جی بی اے 2 گلگت 2 کے انتخابی نتائج کے خلاف آج بھی احتجاج کیا جائے گا۔
بلتستان ڈویژن میں احتجاج کےباعث بین الاضلائی زمینی رابطہ منقطع ہے، گلگت میں گزشتہ روز پُر تشدد مظاہرے کےالزام میں 13 مشتبہ افرا دکو حراست میں لیاگیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کا الیکشن آفس بھی سیل کر دیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے بلتستان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں احتجاج اور دھرنے دیئے جا رہے ہیں۔
ضلع گانچھے کے ہیڈ کوارٹر خپلو، جی بی اے 9 کے گول گاؤں اور اسکردو میں سابق وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان مہدی شاہ کی قیادت میں پیپلز سیکریٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا جا رہا ہے۔
احتجاج اور دھرنوں کی وجہ سے گانچھے اور کھرمنگ کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
دیامر میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا چلاس شاہراہ قراقرم کے مین بازارمیں احتجاج جاری ہے۔
غذر میں بھی ڈی سی چوک گاہکوچ کے مقام پر پیپلزپارٹی کا مظاہرہ جاری ہے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر گلگت غذر روڈ کو بلاک کر رکھا ہے۔