اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر آصف علی زرداری‘ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور بلاول بھٹو نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے،اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کے رہنمائوں نے ایک دوسرے کی ناسازی طبع کے حوالے سے مزاج پرسی بھی کی۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی نے نواز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی‘ وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے میاں نواز شریف کی صحت بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ مجھے گردوں کا انفیکشن ہے۔ نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی صحت بارے دریافت کیا۔ نواز شریف نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سمیت ان کے تمام اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔