• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثانیہ مرزا، سرینا ولیمز سے کیوں متاثر ہوئیں؟

بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کی کہانی سے متاثر ہوکر سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کردیا۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں سے دو تصویروں میں انہوں نے تمام ماؤں کے لیے ایک پیغام جاری کیا، اُس پیغام میں انہوں نے اپنی کہانی امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز سے متاثر ہوکر لکھی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ کچھ تصاویر میں سے دو تصویریں ثانیہ مرزا کی اُن کے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ ہیں۔

ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی اپنی پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’سرینا ولیمز، آپ کی کہانی نے مجھے متاثر کیا جس کے بعد میں نے یہ خط لکھا، #BeingSerena میری اور دنیا بھرمیں موجود تمام ایسی خواتین کے تجربے کی بازگشت ہے جو ہر روز اہل خانہ اور ذاتی اہداف میں توازن رکھتی ہیں۔‘


انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے پیغام میں ثانیہ مرزا نے لکھا کہ یہ اکثر کہا جاتا ہے کہ ایک عورت ماں بننے اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے میں سے کسی ایک چیز کا انتخاب کرے، آج میں اس خط کے ذریعے اپنا سفر شیئر کر رہی ہیں جوکہ میں نے سرینا ولیمز کی کہانی سے متاثر ہونے کے بعد لکھنے کے بارے میں سوچا۔

ثانیہ مرزا نے لکھا کہ میرے حاملہ ہونے اور بچے کی پیدائش نے مجھے ایک بہتر انسان بنادیا ہے، میرا یہ ماننا ہے کہ یہ ایک بہترین چیز ہے جس کا تجربہ ہر ایک کو کرنا چاہیے، حاملہ ہونے کے بعد دوبارہ اُسی طرح فٹ ہونا میرے لیے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے لکھا کہ بچے کی پیدائش سے قبل اور پیدائش کے بعد میرا وزن 23 کلو بڑھ گیا تھا، میں نے خود کو فٹ رکھنے کے لیے بہت محنت کی، وزرش کی، جم گئی اور سخت ڈائٹ پلان فالو کیا جس کے بعد میں اپنا وزن 26 کلو کم کرنے میں کامیاب رہی۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کیرئیر اور فیملی کو ایک ساتھ لے کر چلنا کبھی کبھی بہت مشکل ہوجاتا ہے، لیکن اگر آپ اپنے اہل خانہ سے پیار کرتے ہیں اور آپ کو اپنے پروفیشن سے بھی اتنی ہی محبت ہے تو آپ دونوں چیزوں کو بیلنس کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے دو روز قبل اپنا ریکٹ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی فاؤنڈیشن کے تحت چلائی گئی مہم ’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ کے لیے عطیہ کردیا تھا۔

اعصام الحق اور ثانیہ مرزا کی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی، ملاقات میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک بھی موجود تھے۔

تازہ ترین