بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنا ریکٹ پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق کی فاؤنڈیشن کے تحت چلائی گئی مہم ’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ کیلئے عطیہ کردیا۔
اعصام الحق اور ثانیہ مرزا کی ملاقات دبئی میں ہوئی، ملاقات میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک بھی موجود تھے۔
ثانیہ مرزا نے اس موقع پر اعصام الحق کی امدادی مہم کیلئے اپنا دستخط شدہ ریکٹ عطیہ کیا۔
خیال رہے کہ ہفتہ کے روز دبئی میں پاکستان اور بھارت کے ٹینس اسٹارز سے ملاقات ہوئی ، کیونکہ اعصام بلغاریہ میں صوفیہ اوپن کے دورے سے واپسی کے دوران متحدہ عرب امارات میں موجود تھے۔
پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق نے کہا کہ ثانیہ مرزا نے میری مہم ’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ کیلئے اپنا ریکٹ عطیہ کر کے مہربان ہونے کا ثبوت دیا۔
خیال رہے کہ دنیا کے ٹاپ ٹینس اسٹارز نے اعصام کے مشن میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے مختلف چیزیں عطیہ کی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا۔
’اسٹارز اگینسٹ ہنگر‘ مہم کے تحت اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان اپنا دستخط شدہ اسکواش ریکٹ، شہباز احمد نے 1994ء ورلڈ کپ کی ہاکی، عامر خان نے اپنے باکسنگ گلووز، شعیب ملک اور سرفراز احمد نے اپنی شرٹس اور شعیب اختر اور وسیم اکرم اپنی دستخط شدہ بالز عطیہ کرچکے ہیں۔