• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ارطغرل غازی‘ کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک)ترک ڈرامہ سیریز ‘ارطغرل غازی’ نے تیسرا سیزن شروع ہونے سے قبل ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔رپورٹ کے مطابق سرکاری ٹی وی پر اب تک ‘ارطغرل غازی’ کے مجموعی طور پر دو سیزن دکھائے جا چکے ہیں اور جلد ہی تیسرے سیزن کا آغاز ہونے والا ہے، تاہم ڈرامے کی مقبولیت میں ہر گزرتے دن اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔سرکاری ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے ‘ارطغرل غازی’ کو نشر کرنے کے ساتھ ایک علیحدہ یوٹیوب چینل ‘ٹی آر ٹی ارطغرل بائے پی ٹی وی’ کے نام سے بنایا گیا تھا، جس پر سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ ہوچکی ہیں۔اب مذکورہ یوٹیوب چینل کے محض 7 ماہ میں سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی ہے جب کہ اسی چینل پر ڈرامے کی اپ لوڈ کی گئی پہلی قسط کو اب تک 8 کروڑ 30 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔ مذکورہ یوٹیوب چینل پر ‘ارطغرل غازی’ کے دونوں سیزنز کی تقریبا 150 اقساط میں سے ہر قسط کو اوسطا 50 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔‘ارطغرل غازی’ کے پہلے سیزن میں 76 اقساط تھیں اور پہلے سیزن کی آخری قسط کو یوٹیوب پر 7اگست 2020 کو اپ لوڈ کیا گیا تھا، دوسرے سیزن کی پہلی قسط کو 8 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ ‘ارطغرل غازی’ کے دوسرے سیزن میں بھی تقریبا پہلے سیزن جتنی قسطیں ہیں اور 22 نومبر تک اس کی 75 قسطیں جاری کی جا چکی تھیں۔جلد ہی ‘ارطغرل غازی’ کا تیسرا سیزن سرکاری ٹی وی پر نشر ہوگا ۔ مذکورہ ڈرامے کو ترکی کا ’گیم آف تھرونز‘ بھی کہا جاتا ہے اور اس ڈرامے کو 13ویں صدی میں اسلامی فتوحات کے حوالے سے انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی کہانی ہے اور اس ڈرامے کی مرکزی کہانی ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔یہ ڈراما پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیے جانے سے قبل ہی دنیا کے 60ممالک میں مختلف زبانوں میں نشر کیا جا چکا ہے۔یہ ڈراما پانچ سیزن پر مبنی ہے، اس ڈرامے کو ابتدائی طور پر 2014میں ٹی آر ٹی پر نشر کیا گیا تھا اور اب یہ ڈراما ’نیٹ فلیکس‘ سمیت دیگر آن لائن اسٹریمنگ چینلز پر موجود ہے۔

تازہ ترین