اسلام آباد(طاہر خلیل)نیب کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے شیئرز منجمد کرنے کے معاملے پر چیئرمین نیب ، ڈی جی اور تحقیقاتی افسر کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرادی گئی،تحریک میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور متعلقہ تحقیقاتی افسر کو پارلیمنٹ میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا تحریک استحقاق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی جانب سے بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی جس میں ڈپٹی چیئر مین نے کہاکہ کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر مجھے کیس میں ملزم لکھ کر میرے خلاف میڈیا پر مہم شروع کی گئی، نیب قانون کے مطابق تحقیقات کرنے کے لئے آزاد ہے، لیکن نیب کے پاس مجھے بدنام کرنے اور مجھے ملزم لکھنے کا کوئی لائسنس نہیں، تحریک استحقاق میں کہا گیاکہ نیب کا اقدام مجھے ہراساں کرنا اور بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مجھے خوفزدہ کرنےکے مترادف ہے، تحریک میں کہاگیا کہ نیب کا حالیہ اقدام اختیارات سے تجاوز ہے، تحریک میں مزید کہا گیا کہ نیب ریاستی اداروں کو اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر کے اداروں کی ساکھ تباہ کر رہا ہے، نیب کے اس اقدام سے استحقاق مجروح ہوا ہے، تحریک میں مطالبہ کیا گیا کہ سینیٹ نیب سے کیس سے متعلق ثبوت طلب کرے اور میرے خلاف نیب کے اقدام کا معاملہ سینیٹ کی استحقاق کمیٹی کے سپرد کیا جائے ، پارلیمانی ذرائع لے مطابق سینٹ کے آمدہ اجلاس میں ڈپٹی چیئر مین کی تحریک پر غور ہوگا۔