• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئی ناردرن راولپنڈی میں گیس بحران پر قابو پانے میں ناکام، صارفین نے وزیراعظم سے مدد مانگ لی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایس این جی پی ایل انتظامیہ راولپنڈی شہر کے بیشتر علاقوں میں قدرتی گیس کے بحران پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی ۔شدید سردی میں بچے اور بوڑھے بیمار پڑنے لگے اور شہری اس بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی پر منہ مانگے داموں ایل پی جی سلنڈر اور لکڑیاں خریدنے پر مجبور ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں اور کمرشل ایریاز میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود ان سے سوتیلوں جیسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے، اگر سردیوں میں گیس کا بحران ہے تو سب سے یکساں سلوک کیا جائے، مخصوص علاقوں کو نشانہ ستم نہ بنایا جائے۔ گزشتہ روز بھی شہر کے بیشتر علاقوں میڈیا ٹائون، ویسٹریج، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، اڈیالہ روڈ، ڈیفنس روڈ، گلشن آباد، علی ٹائون، مبارک لین، ڈھوک جمعہ، لالہ زار تلسہ روڈ، منور کالونی، کہکشاں کالونی، اشرف کالونی، پیرودھائی، جہانگیر روڈ، چمن زار، ملتانی محلہ، اشرف کالونی دھمیال روڈ، کوٹ جبی گل بہار کالونی، گلستان کالونی سمیت متعدد علاقوں میں کہیں گیس بند تو کہیں پریشر انتہائی کم رہا۔ میڈیا ٹائون کے مکینوں کے مطابق گزشتہ روز بھی حسب روایت دن بھر گیس غائب رہی اور یہ سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس سے کھانا بنانا تو درکنار چائے بھی نہیں بن سکتی تھی ۔ متاثرین نے ایس این جی پی ایل انتظامیہ کی بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے اس بنیادی مسئلے پر بھی توجہ دے کیونکہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود ان کے مسئلے پر کان نہیں دھرے جارہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے زندگی مشکل بنی ہوئی ہے۔ ذمہ داران گیس کی قلت کی اطلاع دیکر خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے، متاثرین نے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر اور جی ایم سوئی ناردرن سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کی اصلاح کی جائے۔
تازہ ترین