• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایٹن کالج کے سابق استاد پرطلبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ثابت

لندن (پی اے) ایٹن کالج کے ایک سابق استاد 49 سالہ ماتھیو مائوبرے کو طلبہ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں مجرم قرار دے دیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم اسکول کے کام سے متعلق بات چیت اور تبادلہ خیال کے بہانے رات کو طلبہ کے کمروں میں جا کر انھیں زیادتی کا نشانہ بناتا تھا، اسے ایک بچے کے ساتھ 8مرتبہ زیادتی کا مجرم پایا گیا جبکہ ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ ملزم نے بچوں کی فحش تصاویر بنانے کے 6اور جنسی نظارہ کرنے کے ایک الزام کا اعتراف کرلیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد اسے کالج میں لڑکوں کے بورڈنگ اسکول میں اس کے عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا، اس کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ذاتی جنسی تسکین کیلئے باقاعدگی سے رات کے وقت طلبہ کے کمروں میں جاتا تھا، اس کے خلاف شکایت کرنے والے ایک طالب علم نے بتایا کہ ملزم نے اس کے جسم کے نچلے حصے کو زور سے دبوچ لیا تھا جبکہ ایک دوسرے طالب علم نے کہا کہ جب جغرافیہ کے ٹیچر نے جنسی طور پر اسے ہاتھ لگایا تو اسے بہت ہی برا محسوس ہوا اور وہ بالکل ٹھنڈا پڑ گیا۔ ملزم کو سزا سناتے ہوئے کرائون پراسیکیوشن سروس کے مارک تھومپسن نے کہا کہ متاثرہ بچوں نے بتایا ہے کہ ملزم کے رات کو ان کے کمروں میں آمد پر وہ اچھا محسوس نہیں کرتے تھے اور عملی جنسی عمل ہی نہیں وہ جانتے تھے کہ ہاتھ لگانا بھی غلط ہے لیکن ان کے پاس کوئی چارہ کار نہیں تھا۔ ملزم کے کمپیوٹر سے برآمد ہونے والی فحش تصاویر سے ملزم کی نیت کا پتہ چلتا ہے، یہ وہ ثبوت ہے جس سے ہم جیوری کے سامنے یہ ثابت کرسکیں گے کہ ملزم اپنی جنسی تسکین کیلئے کس انداز سے لڑکوں کو ہاتھ لگاتا تھا۔ ایٹن کالج کے ہیڈ ٹیچر سائمن ہنڈرسن نے اس واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم نے اپنی حیثیت کا جس طرح غلط استعمال کیا اور اپنی زیر نگرانی بچوں کو دھوکہ دیا، اس نے مجھے برافروختہ کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایٹن کالج کو تمام طلبہ کیلئے زیادہ سپورٹیو اور کھلا بنانے کیلئے، تاکہ طلبہ اپنی شکایت لے کر زیادہ اعتماد کے ساتھ سامنے آسکیں، کالج کا عملہ میری کوششوں میں میرے ساتھ ہے۔ انھوں نے ملزم کی حرکات سے متاثر ہونے والے تمام طلبہ سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے ان کی غیرمعمولی جرات اور وقار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ملزم مائوبرے نے مقدمے کی سماعت کے دوران اپنی صفائی میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ ملزم کو اب ریڈنگ کرائون کورٹ سے سزا سنائی جائے گی، اسے اس شرط کے ساتھ ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے کہ وہ ایٹن کالج کے طلبہ کے والدین اور کالج کے عملے سے کوئی رابطہ نہیں کرے گا۔ ایٹن کالج اور اس کے گردونواح کے علاقے میں داخل بھی نہیں ہوگا اور 16 سال سے کم عمر بچوں سے تنہائی میں ملاقات نہیں کرے گا۔
تازہ ترین