• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس بندش کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، ٹریفک بلاک، گاڑیوں کی قطاریں

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ شاہ خالدکانی کے قریب پرانے ائرپورٹ روڈ پر سوئی گیس کی بندش اورلوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم شاہراہ کو پونے چاربجے سہ پہرٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے ٹریفک روک دی جس سے پرانے ائر پورٹ سے کورال پل تک ٹر یفک بندہوگئی اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس دوران عوام کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مریضوں کو لیکر آنے جانے والی ایمبولنس گاڑیاں بھی پھنسی رہیں۔ واضح رہے کہ راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں کئی روز سے گیس بندش اور انتہائی کم پریشر کا مسئلہ درپیش ہے اور وزیراعظم اور وفاقی وزیر سے اپیلوں کے باوجود ایس این جی پی ایل کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا۔ ادھرکینٹ ایریامیں گوالمنڈی، صدر، کشمیر روڈ اور آدم جی روڈپرکینٹ بورڈکے ٹھیکیدارنے سڑک کی مرمت کرنے کے لئے تقریباً ایک ماہ سے ٹکڑوں کی شکل میں جگہ جگہ سے سڑک کواکھاڑرکھاہے جہاں موٹرسائیکل اورگاڑی ڈرائیو کرنے میں انتہائی احتیاط سے کام لینا پڑتا ہے اوررش کے اوقات میں روزانہ اس پورے علاقہ میں ٹریفک کی روانی متاثررہتی ہے جس کے باعث اس سے قریب ترین سڑکوں پربھی ٹریفک پھنس جاتی ہے۔ راجہ بازار،نمک منڈی ،اقبال روڈ، سٹی صدرروڈ، گوالمنڈی، لیاقت روڈ، سرکلرروڈ، کمرشل مارکیٹ،اوردیگرسڑکوں پرتجاوزات، غیرقانونی طورپرلگائی گئی ریڑھیوں اورغلط پارکنگ کی وجہ سے بھی دن بھرٹریفک کی روانی متاثررہتی ہے ۔ بدقسمتی سے اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ،ٹریفک پولیس ،تاجربرادری اورمقامی سیاسی قیادت راولپنڈی کے اس دیرینہ مسئلہ کے حل کے لئے تاحال سنجیدہ نہیں ہوسکی ۔جس کی وجہ سے آئے دن مری روڈاوراندرون شہرعام طورپر ٹریفک پھنسی رہتی ہے۔
تازہ ترین