پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری اورسابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کی منگنی محمود چوہدری سے آج ہونے جارہی ہے۔
بختاور کی منگنی کے کارڈ اور منتخب جوڑے نے ماضی کی یادیں تازہ کردی ہیں کہ جب بینظیر اور آصف علی زرداری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔
آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کی منگنی 29جولائی 1987ء کو لندن میں ہوئی، اس خبر کی دنیا کے تمام ہی ذرائع ابلاغ میں نمایاں طور پر تشہیر ملی۔
نیوز ویک، ٹائم میگزین، گارڈین، واشنگٹن پوسٹ، بی بی سی، امریکن ٹیلی ویژن جیسے سب ہی اداروں نے اس خبر کو ہاتھوں ہاتھ لیا۔
بینظیر کی آصف علی زرداری سے منگنی کا اعلان پیپلز پارٹی نے لندن سے جاری پریس ریلیز کے ذریعے کیا تھا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ’اپنی مذہبی اور خاندانی ذمہ داریوں کو مدّ نظر رکھتے ہوئے، میں اپنی والدہ، نصرت بھٹو کی جانب سے طے کیے رشتے کو آگے بڑھانے پر اظہار مسرت کرتی ہوں۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’میری شادی کسی بھی طرح میرے ملک، میرے عوام اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات پر کبھی اثر انداز نہیں ہوگی۔ُ
آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کا رشتہ آصف زرداری کی والدہ ٹمی بخاری اور بینظیر بھٹو کی والدہ نصرت بھٹو نے طے کیا۔
منگنی کی تقریب لندن میں بینظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو کے فلیٹ میں ہوئی، منگنی کے تقریباً پانچ ماہ بعد 18دسمبر 1987 کو آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کی یادگار شادی کراچی میں ہوئی.