• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرکے پشاور سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ بین الصوبائی گروہ کے دو کارندے گرفتار کرلیے گئے۔ سکھر شہر سمیت ضلع بھر کے تمام تھانوں کی حدود میں منشیات فروشوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں میں پولیس کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 52 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

سکھر جو کہ سندھ کا تیسرا بڑا اہم تجارتی شہر ہے، جہاں پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن تیز کردیا گیا ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس نے مختصر عرصے کے دوران بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے 52 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ 

گزشتہ دنوں روہڑی قومی شاہ راہ پر پولیس نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور مقابلے کے بعد بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس نے روہڑی قومی شاہ راہ پر ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کی تو اس دوران پولیس نے پشاور سے کراچی کی جانب جانے والی ایک مشتبہ کار کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے گاڑی روکنے کے بجائے ناکہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران ملزمان نے تعاقب میں آنے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ بھی کی، پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 اسمگلرز کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے پستول، میگزین اور 13 کلو چرس برآمد ہوئی ہے، چرس کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ 

گرفتار ملزمان کو زخمی حالت میں تعلقہ اسپتال روہڑی منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے سکھر ضلع کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے نارکوٹکس کے 43 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، برآمد کی جانے والی منشیات میں 48 کلو 925 گرام چرس ، 235 گرام ہیروئن ، 4 کلو 960 گرام بھنگ، 307 بوتلیں مختلف اقسام کی شراب اور بھاری مقدار میں نشہ آور گٹکا اور پان پراگ برآمد کی گئیں۔ 

کچی شراب جو کہ انسانی جان کے لیے انتہائی خطرناک ہے، اس کی بھٹیوں پر کارروائی کرکے شراب بنانے والا سامان اور کچی مضر صحت شراب تحویل میں لی گئی ہے۔ نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے سماجی برائیوں کے اڈے چلانے والوں اور منشیات فروشوں کےخلاف بھرپور انداز سے کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ 

جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ معاشرتی برائیاں پھیلانے والوں بالخصوص گٹکا، پان پراگ، نشہ آور ودیگر مصنوعات جو نوجوان نسل کی تباہی کا باعث بن رہی ہے، ان کی خرید و فروخت کی روک تھام کو یقینی بنانا اور اس گھناؤنے دھندے میں ملوث عناصر کےخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ خواتین اور بچے بھی پان پراگ، گٹکے اور دیگر مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر اور ایڈیشنل آئی جی سکھر ریجن ڈاکٹر کامران فضل کے احکامات پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر جو گٹکا تیار کیا جاتا ہے، اس میں انتہائی مضر صحت اشیاء کا استعمال کیا جاتا ہے۔ 

اس لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے نشہ آور گٹکا اور دیگر اقسام کی منشیات کا دھندہ کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ شہری بھی پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں پولیس اور عوام مل کر باہمی تعاون سے جرائم کے ساتھ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ بھی کریں گے۔ 

پولیس کا کام امن و امان کو بحال رکھنا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اور پولیس کا عوام پر اعتماد بحال کرنا ہوتا ہے۔ضلع بھر کے تمام علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ کسی علاقے میں جُرم کی کوئی واردات رونما بھی ہوتی ہے، تو پولیس فوری طور پر حرکت میں آکر ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بناتی ہے۔ 

ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، فحاشی، جوا کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایاکہ تمام افسران، تھانہ انچارجز، پولیس فورس کو اس حوالے سے خصوصی طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، جوا و فحاشی کے اڈے چلانے والوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی قسم کی کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ 

غفلت برتنے والے افسران اور اہل کاروں کےخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔ دوسری جانب شہر کے سیاسی، سماجی، تجارتی اور عوامی حلقوں نے سکھر شہر سمیت ضلع بھر میں ڈاکووں جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ منشیات فروشوں کے خلاف ایس ایس پی سکھر کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور کامیاب کاروائیوں پر ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح سکھر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا ہے، خاص طور پر نشہ آور مضر صحت پان پراگ اور گٹکا بنانے والوں کے خلاف کارروائی قابل تحسین ہے ۔ ہماری نوجوان نسل کو مضر صحت نشہ آور مصنوعات سے بچایا جائے۔

تازہ ترین
تازہ ترین