• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم گھر چلے جائیں تو جلسے نہیں کریں گے، احسن اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں تجزیہ دیتے ہوئے میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے کی بڑی وجہ اپوزیشن کے جلسے اورریلیاں ہیں، مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں تو جلسے نہیں کریں گے، وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ سیاسی قائدین اور میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو کورونا کے خطرات سے آگاہ کریں ، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی یہ بات درست نہیں کہ جلسوں سے کورونا نہیں پھیلتا یہ جلسے کورونا کے پھیلاوٴ میں بہت تیزی سے اضافہ کریں گے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے حکومت سیاسی بیانیہ بنارہی ہے اگرجلسوں سے کورونا پھیلے گا تو بہت معمولی سا فرق ہوگا ،بازار ،ٹرانسپورٹ ،کاروبار سب کھلا ہے اور کہیں ایس او پیز پرعمل نہیں ہورہا۔ کورونا کی پہلی لہرآئی تو عمران خان کہتے تھے یہ معمولی سا بخار ہے جلد ٹھیک ہوجائے گا لیکن انہیں اپنے بیانات پر نظر ثانی کرنا پڑی۔ اب ایسی ہی باتیں نون لیگ اور اپوزیشن رہنما کررہے ہیں۔ پروگرام میں رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کورونا کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ،بازار عوام سے بھرے ہوئے ہیں ،کاروبار زندگی معمول کے مطابق چل رہا ہے صرف اپوزیشن کے جلسوں سے کورونا نہیں پھیلے گا ۔سیاسی قائدین جلسوں میں بھی ایس او پیز کا خیال رکھ رہے ہیں ایک طرف کورونا سے نمٹنا ہے دوسری جانب اس ملک کو بچانا ہے ۔نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کا ایک دورے کا بھی انتظام نہیں ہوسکا اور وہاں ٹیم کے چھ ارکان کورونا میں مبتلا ہوگئے جس سے اچھا پیغام نہیں گیا ۔اوآئی سی کا اجلاس ہوا لیکن اس کے ایجنڈے میں کشمیر شامل نہیں تھا ،ہماری معیشت اور خارجہ پالیسی موجود ہ حکومت نے تباہ کردی ہے ۔ملک کے تحفظ کیلئے حکومت سے نجات ناگزیر ہے ۔

تازہ ترین