اسلام آ باد ( نیوز ر پورٹر) گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہروں کے بعد حکومت گلگت بلتستان نے ایف سی اور رینجرز سے مدد طلب کر لی ہے ۔ ذرا ئع کے مطابق وفاقی کابینہ نے گلگت بلتستان میں ایف سی اور رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ گلگت بلتستان میں پیرا ملٹری فورسز کے ایک ہزار 50 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، وزارت داخلہ کے مطابق انتخابات کے نتائج کے خلاف بعض سیاسی جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے، 23 نومبر کو ہونے والے مظاہروں سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تھی ، وزارت داخلہ نے کابینہ کو بھیجی گئی سمری میں موقف اختیار کیا ہے کہ حکومت سازی کے دوران امن و امان کی صورتحال قابو رکھنے کیلئے رینجرز اور ایف سی کو تعینات کیا جائے، کابینہ سے 2 دسمبر 2020 تک پیراملٹری فورسز کی تعیناتی کی اجازت طلب کی گئی تھی، رینجرز کے 450، جی بی سکائوٹس کے 410 اہلکار تعینات ہونگے ،ایف سی کے 200 اہلکار تعینات ہونگے، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے پیراملٹری فورس تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔