ملتان میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی ملتان گیلانی ہاؤس پہنچ گئے ہیں جبکہ دیگر رہنماؤں کی آمد بھی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمٰن، راناثناء اللّہ اور مولانا عبدالغفور حیدری بھی آج ملتان پہنچیں گے جس کے بعد پی ڈی ایم رہنماؤں کا گیلانی ہاؤس میں جلسے کی تیاریوں سے متعلق اجلاس ہوگا۔
دوسری جانب ملتان کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال میں جلسے جلوسوں کا ماحول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ملتان میں اپوزیشن کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو درجنوں کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا، جن میں یوسی کے سابق چیئرمین بھی شامل ہیں۔