صوابی( نمائندہ جنگ)صوابی کی تحصیل ہیڈ کوارٹر چھوٹا لاہور میں سابق ایم پی اے کے حجرہ میں جائیداد کے تنازع پر جر گے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق ہو گئے جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد کا تعلق چھوٹا لاہور ، تین کا یار حسین سے ہے ، فریقین آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ سردار علی خان کے حجرے میں چچا زاد بھائیوں کے درمیان جائیداد تنازع پر جر گہ جاری تھا، فریقین نے طیش میں آکر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی پولیس تھانہ چھوٹا لاہور کی رپورٹ کے مطابق چھوٹا لاہور میں دو چچا زاد بھائیوں وقاص اور عبید ساکنان چھوٹا لاہور کے مابین جائیداد کا تناز ع چلا آرہا تھا۔ ہفتہ کی شام چھوٹا لاہور میں سابق ایم پی اے سردار علی خان کے حجرے میں دو نوںرشتہ دار فریق کے مابین جائیداد کے تناز ع کے حل کے لئے جر گہ جا ری تھا اس دوران زبانی تکرار پرفریقین نے طیش میں آکر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں فریق سے عبید ولد محمد علی ، وقاص ولد امیر زادہ ، اسرار ولد عبدالسلام ، اکمل ولد کماش ، سعید الرحمن ولد اعظم دین ساکنان چھوٹا لاہور ، بابر ولد نہار، عبید ولد حضرت وہاب ، سکندر ولد شوکت علی ساکنان یار حسین جاں بحق ہو گئے ۔ایس ایچ او چھوٹا لاہور آئین خان نے میڈیا کو بتایا کہ تمام مقتولین آپس میں قریبی رشتہ دارہیں ،دونوں جانب سے دعویداری نہ ہونے پر ایس ایچ او تھانہ چھوٹا لاہور آئین خان کی مدعیت میں چھوٹا لاہور پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ مقتولین کی نماز جنازہ آج بروز اتوار ادا کی جائے گی۔اس المناک اور دردناک واقعہ پر ضلع بھر کے کی فضاسوگوار رہی۔