• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطرفیوں کیخلاف ملازمین کا احتجاج و دھرنا، جاں بحق ملازم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کے فیصلے کے خلاف سینکڑوں ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے دیا،برطرفی کا سن کر دل کے دورے سے جاں بحق ہونے والے ملازم کی دھرنے میں نماز جنازہ ادا کی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل مل سے ملازمین کو ملازمتوں سے برطرف کرنے کی خبر سن کر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ملازم حبیب الرحمن کی نماز جنازہ اسٹیل ٹاؤن موڑ اللّٰہ والی چورنگی پر ادا کی گئی۔ جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز کے بعد اسٹیل مل سے برطرف کئے گئے ملازمین نے بڑی تعداد میں نیشنل ہائے وے پر دھرنا دیا اور سڑک پر ٹائر جلا کر ٹریفک کی آمد رفت بند کر دی۔ملازمین نےوفاقی حکومت،وزیر اعظم عمران خان اور اسٹیل مل انتظامیہ کیخلاف شدید نعرہ بازی کی، احتجاج کے دوران کراچی ٹھٹھہ شاہراہ مسلسل 5 گھنٹے سے زائد بند رہی جس کی وجہ سے اسٹیل ٹاؤن سے قائد آباد انے اور اسٹیل ٹاؤن سے ٹھٹھہ جانے اور لنک روڈ پر سپر ہائی وے تک ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بعد ازاں مظاہرین منتشر ہوئے اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال ہوئی۔

تازہ ترین