استور (اے پی پی )نامزد وزیر اعلیٰ گلگلت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید نے کہا ہے کہ میری کوشش ہوگی کہ سب کو ساتھ لیکر چلوں،مخالفین کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بھی آ ئیں اور علاقے کے وسیع تر مفاد میں میرے ساتھ چلیں جب تک ہم ایک نہیں ہونگے تب تک علاقے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی مکمن نہیں ہو گی، مذہبی ہم آہنگی اولین ترجیح ہو گی، سابق حکمرانوں کی غلطیاں نہیں دہراؤنگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں اور سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلوں گا سب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ علاقے کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور حقوق کے حصول کے لیے میرا ساتھ دیں کیونکہ علاقے کے مسائل بہت ہی سنگین ہیں ان کے حل کے لیے مجھے سب کا تعاون درکار ہو گا، سابق حکمرانوں کی کوتاہیوں اور کمزوریوں سے سبق حاصل کروں گا اور ان کی غلطیاں کبھی نہیں دہراؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق یہاں کام ہو گاکرپشن کے خاتمے اور میرٹ کے قیام کے لیے جدو جہد تیز کروں گا اس مقصد کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا مجھے امید ہے کہ ارکان اسمبلی سمیت تمام سیاسی، مذہبی جماعتوں کے قائدین میرے ساتھ تعاون کریں گے ۔مذہبی اور علاقائی ہم آہنگ میری اولین ترجیح ہو گی میرے لیے وہ تمام لوگ بھی قابلِ احترام ہیں جہنوں نے ہمیں ووٹ نہیں دئیے ہیں میں سب کا نمائندہ ہوں عوام کے لیے میرے دروازے ہمیشہ کے لیے کھلے ہیں۔