• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: کورونا کے باعث سان فرانسسکو میں پیر سے کرفیو کا اعلان

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتِ حال روز بروز ابتر ہو رہی ہے، امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے سبب سان فرانسسکو میں پیر سے کرفیو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کولوراڈو کے گورنر جیرڈ پولس بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 72 ہزار 254 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 36 لاکھ 10 ہزار 357 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 52 لاکھ 66 ہزار 864 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 24 ہزار 647 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 80 لاکھ 41 ہزار 239 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

چین کی ایک فیکٹری میں کورین ملازم کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پر کام روک دیا گیا ہے۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 71 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 86 ہزار 512 ہو چکی ہے تاہم اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

جنوبی کوریا میں پیر سے پابندیوں کو مزید سخت کیئے جانے کا امکان ہے، جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل ہلاکتیں 523 ہوگئی ہیں، جبکہ کل کورونا کیسز کی تعداد 33 ہزار 824 ہو چکی ہے۔

ترکی میں مسلسل چھٹے روز کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے، ترکی میں گزشتہ روز 30 ہزار کیس اور 182 اموات رپورٹ ہوئیں۔

ترکی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 5 لاکھ 78 ہزار 347 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 13 ہزار 373 تک جا پہنچی ہے۔

برطانیہ اور جرمنی میں کورونا وائرس کی پابندیوں کے خلاف مظاہرے کیئے گئے، لندن میں پولیس نے احتجاج میں شامل 60 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔


برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات دوبارہ تیزی بڑھنے لگیں، یہاں اس وائرس سے اموات 58 ہزار 30 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 16 لاکھ 5 ہزار 172 ہو چکے ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس 16 ہزار 377 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس کے 10 لاکھ 41 ہزار 970 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 25 لاکھ 92 ہزار تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 14 لاکھ 58 ہزار 485 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 79 لاکھ 30 ہزار 408 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار 253 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 32 لاکھ 3 ہزار 107 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین