وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی دو معاونین خصوصی فردوس عاشق اعوان اور ڈاکٹر یاسمین راشد آمنے سامنے آگئیں۔
ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے شادی ہال سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد کے بیان کو ان کی ذاتی رائے قرار دیدیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رات کی شادیوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی ہے۔
وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے مزید کہا کہ شادی ہال کورونا وائرس سے متعلق قواعد و ضوابط (ایس او پیز) پر عمل درآمد کرتے ہوئے مقررہ وقت کھلے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شادی ہال سے متعلق ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ کا دیا ہوا بیان اُن کی ذاتی رائے ہے۔
فردوس اعوان نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹیں گے۔
انہوں نے بلاول بھٹو کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک شہزادہ کورونا وائرس کا شکار ہو کر اپنے محل میں بیٹھا ہوا ہے اور پھر بھی جلسوں پر بضد ہے۔