ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی میت کے ساتھ تصاویر بنانے والے شخص کلاڈیو فرنانڈیز نے معافی مانگی لی ہے۔
کہا جارہا تھا کہ آخری رسومات ادا کرنے والے عملے میں شامل کارکن کلاڈیو فرنانڈیز نے اپنے بیٹے کیساتھ انگوٹھے سے ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کرتے میراڈونا کے کھلے تابوت کے ساتھ کھڑے ہو کر تصاویر بنوائی تھیں۔
کلاڈیو کی وائرل نے میراڈونا کے شائقین میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، کلاڈیو سمیت تین افراد نے فٹبال لیجنڈ کے کھلے تابوت کے ساتھ تصاویر بنوائی تھیں جس پر مداحوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب آخری رسومات کا اہتمام کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ تصویریں بنوانے والوں کا ہماری کمپنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تصویریں بنوانے والے شخص نے میراڈونا کا تابوت لے جانے میں مدد کی تھی۔ کمپنی کے منیجر میٹیاس پیکن نے بتایا کہ ان تصاویر نے کمپنی کو سخت صدمہ پہنچایا ہے۔
میراڈونا کے وکیل میٹیس مورلا نے عزم کیا کہ وہ ان تصاویر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں گے۔
کلاڈیو فرنانڈیز نے بتایا کہ تصاویر لینے کا فیصلہ فوری تھا اور انہوں نے پہلے سے اس کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔
انہوں نے کہا ’ہر بچے کی طرح میرے بیٹے نے بھی ’تھمز اپ‘ کا اشارہ کیا اور انھوں نے فوٹو کھینچ لی، مجھے معلوم ہے کہ ہم نے بہت سارے لوگوں کو ناراض کیا گیا ہے اور انہوں نے اس کا غلط مطلب لیا ہے‘۔
فرنانڈیز نے بتایا کہ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملی ہیں، میراڈونا کے مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ ہمیں مار ڈالیں گے، ہمارے سر پھاڑ دیں گے
خیال رہے کہ 60 سالہ ڈیاگو میراڈونا کی ہارٹ اٹیک سے موت کی خبر 25 نومبر کو سامنے آئی تھی، لیکن اب یہ اطلاعات آرہی ہے وہ ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
میراڈونا کا رواں ماہ ہی دماغ میں بلڈ کلوٹ کا کامیاب آپریشن ہوا تھا اور وہ 11 نومبر کو اسپتال سے ڈسچارج کیے گئے تھے، جس کے بعد ان کی پوری توجہ شراب نوشی سے نجات پر تھی۔