• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم ہر صورت میں جلسہ کریں گے، مولانا فضل الرحمان

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم ہر صورت میں جلسہ کریں گے، بصورت دیگر ملتان میں جم کر بیٹھیں گے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامع قاسم العلوم سےساتھیوں کے ساتھ جلسہ گاہ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی حالات ہوں ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ انصارالاسلام ہمارے رضا کار ہیں اور تنظیمی امور پر مامور ہیں، جلسے کے انتظام کے لیے انصار الاسلام کے رضا کار بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے حکومتی رکاوٹوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ظاہر ہے ہم کیا کریں، تنگ آمد بجنگ آمد والی بات ہے، وہ ہمیں ماریں گے بندوقوں سے تو ہم انہیں ڈنڈوں سے بھی نہ ماریں، ہم مردہ لاشیں ہیں جو خاموش بیٹھیے رہیں گے؟ہم زندہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی رکاوٹ کام نہیں آئے گی، نا موبائل فون نا انٹرنیٹ کی بندش کام آئے گی، ہم جلسہ گاہ کی طرف جائیں گے، دیکھتےہیں کہاں کہاں رکاوٹیں ہیں، وہیں پر اس سے نمٹیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وزیرقانون پنجاب کہتے ہیں جلسہ کرنے پر گرفتار کرلیا جا ئے گا جس پر مولانا فضل الرحمٰن نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کو پہلے ہم گرفتار کر لیں گے، وہ کون ہوتے ہیں گرفتار کرنے والے۔

تازہ ترین