• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست، گوتم گمبھیر ویرات کوہلی پر برس پڑے

سابق کرکٹر گوتم گمبھیر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے ان پر برس پڑے۔ 

 بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گوتم گمبھیر نے کہا کہ کپتان ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بڑی غلطی کی۔ 

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ون ڈے سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔ 

اس شکست کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

گوتم کا کہنا تھا کہ اگر آپ کے پاس جسپریت بومرا جیسا بولر ہو اور آپ ابتدا میں اس سے صرف دو اوورز کا ہی اسپیل کروائیں تو یہ غلطی نہیں بلکہ سنگین غلطی ہے۔ 


انھوں نے کہا کہ بومرا اور شامی کو تقریباً 5، 5 اوورز کے اسپیل دیے جاتے تاکہ وہ کوشش کرتے اور آسٹریلیا کے ابتدائی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے۔ 

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے اوپنرز نے ابتدائی دونوں میچوں میں 140 سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کپتان ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرا نہیں خیال کہ دنیا کا کوئی بھی کپتان جسپریت بومرا جیسے بولر کو نئی گیند کے ساتھ صرف 2 اوورز کا ہی اسپیل دے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے تینوں ابتدائی اور اہم بلے باز ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ فارم میں ہیں اور رنز بھی کر رہے ہیں ایسے میں کس کا پاس ان کی وکٹ لینے کا موقع ہے؟ وہ ہے بومرا۔ 

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے پاس آخری میچ میں بھی کامیابی حاصل کرکے بھارتی ٹیم کے لیے ون ڈے سیریز کو عبرتناک بنانے کا سنہری موقع ہے۔

تازہ ترین