• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوویڈ19 پروٹوکول کی خلاف ورزی، رضا حسن کو گھر بھیج دیا گیا

ناردرن سیکنڈ الیون کے کھلاڑی رضا حسن کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوویڈ 19 پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر گھر بھیج دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ اب ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔

رضا حسن میڈیکل ٹیم اور پی سی بی ہائی پرفارمنس ڈپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت کے بغیر ہوٹل کے بائیو سیکور ماحول سے باہر گئے۔

‏ ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ کوویڈ 19 پروٹوکولز کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں متعدد بار کی یاد دہانیوں اور ایجوکیشن پروگرامز کے بعد رضا حسن نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لیا اور حدود سے تجاوز کیا، رضا حسن کو ٹورنامنٹ سے نکال دیا گیا ہے اور اب ان کو رواں سیزن 21-2020 میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔


ندیم خان نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کویڈ 19 کے طے شدہ ضوابط پر کسی بھی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ قواعد و ضوابط نہ صرف تمام شرکا کی صحت اور حفاظت کے لیے ضروری ہیں بلکہ دنیا پر یہ واضح کرنا بھی ضروری ہے کہ ہم تمام ڈومیسٹک مقابلوں کا انعقاد کامیابی سے کر سکتے ہیں۔

ندیم خان نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں حسن رضا اپنے غیرذمہ دارانہ روپے کو محسوس کریں گے اور طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کی وجہ سے کرکٹ اور کھیل کو جو نقصان ہوا اس کے ازالہ کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین