• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان نے سازشی ٹولے کو مسترد کردیا، PDM وائرس کا مقابلہ کریں گے، حکومت

ملتان نے سازشی ٹولے کو مسترد کردیا، PDM وائرس کا مقابلہ کریں گے، حکومت


اسلام آباد / لاہور (نیوز ایجنسیز/ جنگ نیوز) حکومت نے ملتان کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملتان نے سازشی ٹولہ مسترد کردیا، پی ڈی ایم 150جلسے بھی کرلیں حکومت کا بال بیکا نہیں کرسکتے ، وزیراعظم عمران خان کی حکومت کسی کو روکنے پر یقین نہیں رکھتی، سندھ میں پی پی کی حکومت لاک ڈاؤن کررہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما دیگر صوبوں میں جلسے کررہے ہیں ، فضل الرحمٰن 12ویں کھلاڑی بن چکے ، اپوزیشن سے تصادم کے حق میں نہیں لیکن جلسے روکنے میں کوئی مضائقہ نہیں ، اپوزیشن ملک میں انتشار پھیلا کر حکومت کو بلیک میل کر کے این آر او لینا چاہتی ہے، وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ، وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے اپوزیشن کے ملتان جلسے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

تفصیلات کےمطابق پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے ملتان کے غیور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور کے بعد ملتان کے باشعور عوام نے اپنے اور اپنے خاندان کو پی ڈی ایم جلسہ سے دور رکھ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے دور رہنا چاہتے ہیں۔

پی ڈی ایم 150 جلسہ بھی کر لے تو حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ، محمد نواز شریف نے جنیجو کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے ،چھانگا مانگا میں ممبران کی خریداری ، مہران بینک اسکینڈل ، بے نظیر بھٹو کی حکومت گرانے۔

اسامہ بن لادن سے پیسے لینے سمیت ہر غیر جمہوری کام میں مرکزی کردار رہے ، پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر اسٹیج کے اوپر پھانسی دلوانے والوں کو بیٹھے دیکر کر ذوالفقار علی بھٹو کو بھی افسوس ہوا ہوگا ، مریم نواز بے نظیر بھٹو کبھی نہیں بن سکتی۔

آج تک بلاول بھٹو اپنی ماں کے نقش قدم پر نہیں چل سکے ، ڈی آئی خان سے امین گنڈا پور کے ہاتھوں شکست کھانے والے مولانا فضل الرحمان12ویں کھلاڑی بن چکے ہیں ، 22کروڑ عوام نے دیانتدار وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کیا ہے ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خدا کورونا کے بعد ہمیں اس لیڈرشپ سے بھی پناہ دے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی تقریر میں جس طرح کورونا ایس او پیرز کا مذاق اُڑایا گیا اس سے ان کی عقل کا اندازہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ماسک نہ پہن کر وہ کیا ثابت کرنا چاہتی ہیں؟ بدقسمتی ہے کہ ایسے غیر سنجیدہ اور مغرور لیڈر پاکستان کی قیادت کرنا چاہتے ہیں۔

ادھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن سے تصادم کے حق میں نہیں ہیں،جلسہ ملتوی کرنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں،اپوزیشن قیادت بڑے پن کا مظاہرہ کرے اورانتظامیہ کو بھی صبرکا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ احتجاج اور جلسے مفاد پرستوں کی سیاسی قسمت کا حصہ بن چکے ہیں، اپوزیشن جتنے چاہے جلسے کر لے، حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، عمران خان آئندہ پانچ سال بھی وزیراعظم ہوں گے۔

تازہ ترین