• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسانوں کا احتجاج، جسٹن ٹروڈو کے بیان پر مودی حکومت سیخ پا

کینڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارتی کسانوں کی حمایت سے متعلق بیان پر نریندر مودی کی حکومت سیخ پا ہوگئی۔

کینیڈین وزیراعظم نے ایک بیان میں بھارتی کسانوں کے احتجاج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈا بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے دفاع میں ہمیشہ ان کے ساتھ ہوگا۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کینیڈا کسانوں کے معاملے پر بھارتی حکومت سے رابطے میں ہے۔

کسانوں کی حمایت پر کینڈین وزیراعظم کا یہ بیان بھارتی حکومت کو بالکل پسند نہیں آیا اور فوری طور پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کم علمی اور غیر ضروری قرار دے دیا۔

بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بہتر یہی ہے کہ سفارتی بات چیت کو سیاسی ضرورت کے لیے توڑ مروڑ کر نہ پیش کیا جائے۔

بھارت میں نئے زرعی قوانین کیخلاف گذشتہ کئی روز سے ریاست پنجاب، ہریانہ، دلی، راجستھان اور اترپردیش کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔


مطالبات نہ ماننے پر کسان لیڈروں نے دارالحکومت دلی کے اہم ہائی ویز جام کرکے آمد و رفت پوری طرح سے بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

کسان لیڈروں نے وارننگ دیتے ہوئےکہا کہ اگر ان کے تمام مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ دلی کے اہم ہائی ویز جام کرکے آمد ورفت پوری طرح سے بند کردیں گے۔

تازہ ترین