• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ میں پاکستانی کرکٹرز ایک ہفتے سے آئسولیشن میں

نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے پاکستانی کرکٹرز ایک ہفتے سے آئسولیشن میں ہیں جس کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ اے کا 4روزہ کرکٹ میچ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کی جانب سے کرکٹ نیوزی لینڈ کو ای میل کے ذریعے میچ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کرکٹرز میچ کے لئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار نہیں، کرکٹرز کی صحت اور ذہنی حالت میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑی ایک ہفتے سے مسلسل کمروں تک محدود ہیں، کھلاڑی مسلسل کمروں میں رہ کر اکتاہٹ کا شکار ہیں جس کے باعث کرکٹرز کی صحت اور ذہنی حالت میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی۔ پاکستان شاہینز کے 4روزہ میچ کو ملتوی یا نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔

چار روزہ میچ 10 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں ہونا ہے جس کے لئے پاکستان شاہینز نے8 دسمبر کو کرائسٹ چرچ سے کوئنز ٹاؤن جانا ہے۔ میچ ملتوی ہوتا ہے تو پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوں گی۔

میچ میں پاکستان شاہینز کے علاوہ ان کھلاڑیوں نےحصہ لینا تھا جو صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود، عابد علی، فواد عالم، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ نے میچ کھیلنا تھا۔

تازہ ترین