• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز اور حمزہ کے پیرول میں ایک روز کی توسیع


پنجاب حکومت کی جانب سے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں قائدِحزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کر دی گئی۔

حکومتِ پنجاب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں ایک روز کی توسیع کی ہے، دونوں کی پیرول پر رہائی آج ختم ہو رہی تھی۔

اس سے قبل مسلم لیگ نون نے محکمۂ داخلہ پنجاب کو میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست دی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ لوگ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے افسوس اور دعا کیلئے آنا چاہتے ہیں، لہٰذا ان کے پیرول کی مدت میں توسیع کی جائے، دونوں کی پیرول پر رہائی کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔

دوسری جانب یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

ادھر وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بارہ 12 کی بجائے 5 روزہ پیرول پر رہا کیا گیا۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ انوکھا ریلیف انسانی ہمدردی پر دیا گیا، پیرول کی مدت میں توسیع نہیں دی جا سکتی۔

واضح رہے کہ میاں نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ انتقال کر گئی تھیں، جن کی تدفین میں شرکت کے لیے میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر 5 روز کے لیے رہا کیا گیا تھا، اس پیرول کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔

تازہ ترین