• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس عالمی اداروں کی کمزوریوں کو سامنے لے آیا، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی وبائی چیلنج کورونا وائرس عالمی اداروں کی کمزوریوں کو سامنے لے آیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ٹی آر ٹی ورلڈ فورم 2020ء میں’بین الاقوامی آرڈر بعد از عالمی وبا کورونا وائرس‘ کے موضوع پر مباحثے میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کورونا وائرس کے دوران متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل پر توجہ نہیں دی گئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس جیسے عالمی وبائی مرض سے معاشی مضمرات بھی انتہائی شدید نوعیت کے ہیں، عالمی تنازعات نے دوبارہ سے سر اٹھانا شروع کیا ہے، جس کے باعث عالمی استحکام کو خطرات لاحق ہورہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ویکسین اور طبی سہولیات کی فراہمی بھی بین الاقوامی مسئلہ ہے، جب تک سب کورونا وبا سے محفوظ نہیں ہوجاتے تب تک کوئی بھی محفوظ نہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے بعد ہم نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو مزید بگڑتے دیکھا، آج 80 لاکھ کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج نے محصور بنا رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں این آر سی اور ترمیمی شہری قوانین جیسے امتیازی قوانین منظر عام پر آئے، نئی دہلی مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ بھارت مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے، دو ایٹمی قوتوں کے درمیان محاذ آرائی عالمی امن کے لیے خطرات کا باعث ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا پر توجہ نہ دی گئی تو افغانستان میں قیام امن اور خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق رہیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج عدم برداشت، اسلامو فوبیا اور زائنوفوبیا کا رجحان بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، کسی خاص قوم یا نسل کو کورونا وائرس کا ذمے دار قرار دینا انتہائی غیر منصفانہ رویہ ہے۔

انہوں نے پاکستان کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی کورونا وائرس کے باعث بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، ہم اپنی حکمت عملی سے کورونا کا پھیلاؤ روکنے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں۔

تازہ ترین