• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی کشمکش سے جمہوری نظام کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے،بی اے پی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اور خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کسی بھی سیاسی انتشار کامتحمل نہیں ہوسکتا، سیاسی کشمکش سے جمہوری نظام کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، سیاست میں بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں ہونے چاہیئں، خطے اور ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاسی و جمہوری سیاسی جماعتیں ملک کی بہتری کیلئے گرینڈ ڈائیلاگ پر اکتفا کریں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاج اور جلسے کرنا اپوزیشن کا جمہوری سیاسی حق ہے لیکن پاکستان سمیت دنیابھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک شکل اختیار کر رہی ہے دنیا بھر میں وائرس سے بچاوٴ کی احتیاطی تدابیر کو مزید سخت کیاجارہا ہے لیکن بعض سیاسی جماعتیں اس بات کو ملحوظ خاطر نہیں لارہیں جسکی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کا قوی امکان موجود ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ ملک کے وسیع مفاد میں گرینڈ ڈائیلاگ کا انعقاد کریں تاکہ سیاسی مسائل کو بات چیت کے ذریعے سیاسی طور پر حل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں سیاسی انتشار کی فضاء پیدا کی گئی تو اسکا نقصان جمہوری نظام کر پہنچنے کا اندیشہ ہے جسکی تمام ذمہ داری اپوزیشن جماعتوں پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین