پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضیاء الحسن لنجار سمیت سندھ بار کونسل کے تمام کامیاب اُمیدواران کو مبارکباد دی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ بار کونسل کے نومنتخب ارکان کے نام تہینتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پروفیشنل باڈیز میں جمہوری روایات و اقدار کا فروغ خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش رہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کا مطلب آئین و قانون کی پامالی اور عوام کے حقِ حاکمیت پر ڈاکہ ہے، نظامِ انصاف کو درپیش غیر معمولی مشکلات کے باعث بار کو اپنے حصے سے زیادہ وزن اُٹھانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان کی ملک میں جمہوریت، انصاف اور مساوات کےلیے جدوجہد و قربانیاں سب کے سامنے ہیں۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے متفقہ آئین کی معمار کی حیثیت سے اقتدار میں آکر نظام انصاف سے بلیک ہولز کا خاتمہ کرے گی۔