• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونےکا ثبوت سامنے لایا، میجر جنرل بابر افتخار


ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار  کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا ڈوزیئر میں ثبوت سامنے لایا، پاکستان بھارت کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت سامنے لایا، بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ثبوتوں کو عالمی برادری نے بہت سیئریس لیا ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے  میگزین ’گلوبل ویلیج اسپیس‘ کو انٹرویو دیا گیا ہے جس میں انہوں نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کے خلاف ڈوزیئر کے اہم نکات اُجاگر کرتے ہوئے  ایل او سی صورتحال حال، سی پیک، ففتھ جنریشن وار فیئر پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فارن آفس نے ڈوزیئر کو پی 5 میں پیش کیا، پھر اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کو پیش کیا گیا،  ہم یہاں رکیں گے نہیں، عالمی سطح پر اس سنگین معاملے کو مزید آگے لے جائیں گے۔

انہوں نے انٹرویوی کے دوران مزید کہا کہ ہم افغان قیادت سے اس مسئلے پر بات کرتے رہتے ہیں، ایک باقاعدہ میکنزم موجود ہے،  مگر صاف بتاؤں ہم افغان حکومت کے کیپیسٹی ایشوز کو تسلیم کرتے ہیں، اس لیے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہونے پر افغان حکومت کو زیادہ الزام نہیں دیتے ہیں۔

میجرجنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارت افغان کی سرزمین کو استعمال کر کے سی پیک کو نشانہ بناتا ہے، بھارت کے پاس دہشت گرد ہیں، بھارت سی پیک پر کام کرنے والی چینی افرادی قوت اور مقامی لیبر کو نشانہ بناتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ان خطرات کے خلاف ہم نے مکمل تیاری کر رکھی ہے، چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے خاص طور پر دو ڈویژن فورس تشکیل دی ہے، اس کے علاوہ آٹھ نو ریگولر رجمنٹس بھی راہداری کی حفاظت پر مامور ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ  ہمارے چینی پارٹنرز سی پیک منصوبے کی سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، سی پیک کو نقصان پہنچانے کی ہر بھارتی سازش کو ناکام بنائیں گے، انشاءاللّٰہ سی پیک ہر روز پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ  بھارت کی کوشش رہی ہے جدوجہد آزادی مقبوضہ کشمیر کو نام نہاد پاکستانی مداخلت سےجوڑے، دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے بھارت ایل اوسی پر سیزفائرکی خلاف ورزیاں کرتا ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشنز اور ایسے ڈرامے رچاتا ہے۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہا کہ  ناگوروٹا واقعہ میں بھارت کچھ نیا نہیں کر رہا، یہ بالکل ویسا ہی ہے جیسا بھارت گزشتہ فالس فلیگ آپریشنز میں کرتا آیا ہے،  ناگوروٹا میں کیا ہوا، کیا بھارت نے دنیا سے کوئی انفارمیشن شیئر کی؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ  مقبوضہ کشمیر کے اندر جو کچھ ہوتا رہا ہے بھارت ہمیشہ اس کا انکاری رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں مکمل طور پرخود مختار جدوجہد آزادی ہے، جو ستر سال سے جاری ہے، یہ ممکن نہیں کہ سرحد پار سے جا کر ایسے واقعات ہوں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ  پاکستان ہمیشہ حالات نارمل کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم آگے بڑھائے ہم دو بڑھائیں گے،  ہمیں خطے کی صورتحال کو نارملائز کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین