لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 6 روزہ پیرول کی مدت ختم ہونے کے بعد واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ،پولیس کی سخت سیکورٹی میں دونوں رہنماؤں کو ماڈل ٹاؤن سے واپس کوٹ لکھپت جیل قید کر دیا گیا۔شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ستائیس نومبر کو بیگم شمیم اختر کے انتقال کے بعد پانچ روزہ پیرول پر رہا کیا گیا تھا، بدھ کے روز مزید ایک روز کی توسیع کے بعد گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کو واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا ۔ جیل روانگی سے قبل مریم نواز نے اپنے چچا شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور انہیں الوداع کیا۔