• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء خان نے گناہوں کی معافی کیلئے خاص دعا بتادی

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے والی بھارتی اداکارہ ثناء خان نے آج جمعے کی دن کی مناسبت سے سوشل میڈیا پرگناہوں کی معافی کے لیے کچھ دعائیں بتائی ہیں۔

معروف تصویر اور ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ثناء خان نے اپنی اسٹوری میں کچھ تصاویر شیئر کی ہیں جن میں انہوں نے مختلف دعائیں بتائی ہیں اور ساتھ میں یہ بھی بتایا ہے کہ اُن دعاؤں کے پڑھنے سے کیا فائدہ ہوسکتا ہے۔

ثناء خان کی جانب سے شیئر کردہ اسٹوری میں سے ایک میں لکھا ہے کہ ’سبحان اللّٰہ لعظیم وبی حمدی، یہ 100 مرتبہ پڑھنے سے والدین کے 24 ہزار جبکہ پڑھنے والے کے اپنے ایک لاکھ گناہ معاف ہوجائیں گے۔ ‘

ایک اور اسٹوری میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’سبحان اللّٰہ وبی حمدی، سبحان اللّٰہ لعظیم، یہ دعا فجر کی نماز میں سنت اور فرض کے درمیان پڑھنے سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔‘

ثناء خان نے مزید لکھا کہ ’تین مرتبہ سورۃ فلق، تین مرتبہ سورۃ الناس، تین مرتبہ سورۃ اخلاص، ایک مرتبہ سورۃ الفاتحہ، ایک مرتبہ درود اور ایک مرتبہ آیت الکرسی روزانہ فجر اور مغرب کی فرض نماز کے بعد پڑھنے سےانسان شیطان، برائی، ڈپریشن اور پریشانیوں سے دور رہتا ہے۔‘

اس کے علاوہ ثناء خان نے اپنی اسٹوریز میں اور بھی دعائیں بتائی ہیں جس سے انسان اپنی عزت و نفس کی حفاظت کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سابقہ اداکارہ ثناء خان اور اُن کے شوہر نے ایک دوسرے کو بُری نظر سے بچانے کے لیے آیت الکُرسی کا ورد کیاتھا جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی تھی۔

ثناء خان نے انسٹاگرام پر اس خوبصورت ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’آیت الکُرسی کا ورد جو عرش تک جاتا ہے۔‘

بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’خود کو اور اپنے پیاروں کو نظرِ بد سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر نماز کے بعد اور گھر سے باہر جانے سے پہلے آیت الکُرسی لازمی پڑھیں۔‘

یاد رہے کہ بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے حال ہی میں بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس نامی شخص سے شادی کی ہے۔

اس موقع پر ثناء خان نے انسٹاگرام پر اپنے شوہر مفتی انس کے ہمراہ شادی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ہم اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے اور اللّٰہ کی رضا کے لیے ہی ہم نے ایک دوسرے سے شادی کی ہے‘۔

تازہ ترین