ڈیرہ اسماعیل خان ( نمائندہ جنگ ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰننے کہا ہے کہ خطے میں بھارت کی بالادستی قائم کی جارہی ہے، حکمرانوں نے کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کو تسلیم کیا، فلسطین کو نظر انداز کرکے اسرائیل کو تسلیم کرنے اور عرب دنیا میں اسرائیل کی بالادستی کی باتیں کی جارہی ہیں۔
امت مسلمہ کی قیادت کو کیا ہوگیا کہ خدا کی بجائے امریکا کے سامنے سر جھکانے کی باتیں کی جارہی ہیں، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بجائے فلسطین تسلیم کرنے، بیت المقدس کی حوالگی مسلمانوں کے حوالے کرنے کی باتیں کوئی نہیں کرتا، ہم اپنے حقوق حصول سے دستبردار ہوگئے۔
امت مسلمہ کو اپنے حکمرانوں کو جھنجھوڑنا چاہئے، فاٹا کے انضمام کو پہلے ہی سے غلط کہتے آ رہے ہیں جوآج ثابت ہوگیا ہے ، 15لاکھ کی آبادی کے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دیتے ہو مگر ڈیڑھ کروڑ قبائل کو ایک صوبہ کیوں نہیں دیتے؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹانک روڈ پر ایک نجی ہال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔