اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سیکرٹری جنرل مشائخ و علماء کونسل مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا ہے کہ مودی انتظامیہ کی جنونیت نے ایشیائی خطے کے امن و استحکام کو دائو پر لگا دیا ہے۔ پاکستان ہندوستان کی ریاستی دہشت گردی کو عالمی دنیا کے سامنے پیش کر چکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر سمیت پاکستان کے اندر دہشت گردانہ کارروائیوں کے شواہد پر عملی اقدامات کرنا عالمی برادری کے اخلاقی فرائض میں شامل ہونا چاہئے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اقتصادی راہداری کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے کوشش کرتا رہا ہے۔ مودی انتظامیہ کو باور ہونا چاہئے کہ پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہمارے ادارے وطن عزیز کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ پاکستانی عوام اور افواج کے جذبہ قومی سلامتی نے پہلے بھی دشمن کو شکست دی اور اب بھی تیار ہیں۔