وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی تعداد لاہور میں ہے اور اب تک لاہور میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 60 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ اس کی شرح اموات بھی بڑھی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے 540 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران 22 مریض جاں بحق ہوئے۔
اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ایکٹو مریضوں کی تعداد19,941 ہوچکی ہے جبکہ اس وائرس سے پنجاب بھر میں اموات کی تعداد3,137 ہوگئی ہے۔
اپنے بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرپشن کے وائرس میں لت پت اپوزیشن کو عوام کی نہیں بلکہ اپنی گھٹیاسیاست کی فکر ہے، پی ڈی ایم کا پورا ٹولہ عقل کے اندھوں پر مشتمل ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کو کورونا وائرس نظر نہیں آرہا، موجودہ حالات میں کسی بھی اجتماع سے وباء مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔
فردوس عاشق نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے درپے ہے، اپوزیشن عناصر قوم پر رحم کریں اور انسانی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔