مجیب ظفر انوارحمیدی
ایک چینی بڑھیا کے گھر میں پانی کے لئے دو مٹکے تھے، جنہیں وہ روزانہ ایک لکڑی پر باندھ کر اپنے کندھے پر رکھتی اور نہر سے پانی بھر کر گھر لاتی تھی۔ان میں سے ایک تو ٹھیک تھا مگر دوسرےمٹکے میں چھوٹا سا سوراخ ہوگیا تھا۔بڑھیا جب نہرسے دونوں مٹکوں میں پانی بھر کر گھر لاتی تو ٹوٹے ہوئے مٹکے کا آدھا پانی راستے میں ہی بہہ چکا ہوتا، جب کہ ہ دوسرا مٹکا پورا بھرا ہوتا تھا۔ثابت مٹکا اپنی کارکردگی سے بہت خوش تھا جب کہ ٹوٹا ہوامٹکا اپنے نقص کی وجہ سےدکھی رہتا تھا۔ وہ اس خامی کی وجہ سے اپنی ذات سے بھی نفرت کرنے لگا تھا ۔ اکثر سوچتا تھا کہ وہ آخر اپنے فرائض کواس انداز میں کیوں کر پورا نہیں کر پاتا جس کی اس کی مالکن اس سے توقع رکھتی ہے۔
مسلسل دو سال تک اسی طرح مایوسی کا شکار رہنے بعد ایک دن ٹوٹے ہوئے مٹکےنے اپنی مالکن سے کہا: "میں اپنی اس معذوری کی وجہ سے بہت شرمندہ ہوں کہ جو پانی تم اتنی مشقت سے بھر کر اتنی دور سے لاتی ہو، اس میں سے زیادہ ترصرف مجھ میں سوراخ ہونے کی وجہ سےگھر پہنچتے پہنچتے راستے میں ہی گر جاتا ہے‘‘۔مٹکے کی یہ بات سن کر بڑھیا ہنس دی اور کہا:" کیا تم نےپانی لانے کے دوران یہ نہیں دیکھاکہ میں جس طرف سے تم کو اٹھا کر لاتی ہوں ،اُدھر پھولوں کے پودوں کیاری ہے جب کہ دوسری طرف صرف پتھریلی زمین ہے۔
مجھےتمہارے اندر سوراخ اور اُس میں سے گرنے والے پانی کا بھی معلوم ہے۔ اسی لئے دو سال پہلےمیں نے نہر سے لے کر اپنے گھر تک ،راستے میں پھولوں کے بیج بو دیئے تھے تاکہ گھر آنے تک وہ روزانہ اس پانی سے سیراب ہوتے رہا کریں۔کچھ عرصے بعد یہ بیج ، خوش نما پودے بن گئے جن میں رنگ برنگے،خوشبو سے مہکتے ہوئے پھول کھلتے ہیں۔ میں نے کئی بار اُن پھولوں سے خوبصورت گل دَستے بنا کر اپنے گھر کو سجایا اور مہکایا۔اگر تم میرے پاس نہ ہوتے تو میں اس بہار کو دیکھ ہی نہ پاتی جو تمہارے دم سے مجھے نظر آتی ہے‘‘
پیارےبچو! یاد رکھئے کہ ہم میں سے ہر شخص میں کوئی نہ کوئی خامی اور عیب ہے۔ لیکن ہم پر واجب ہے کہ ہم ایک دوسرے کو ان خامیوں کے ساتھ ہی قبول کریں۔ ہمیں ان خوبیوں کو اُجاگر کرنا ہے جو اپنی خامیوں اور معذوری کی خجالت کے بوجھ میں دَب کر نہیں دِکھا پاتے۔
اپنی کہانیاں، نظمیں، لطائف، دلچسپ معلومات، تصویریں اور ڈرائنگ وغیرہ ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کریں
انچارج صفحہ ’’بچوں کا جنگ‘‘
روزنامہ جنگ،اخبار منزل، فرسٹ فلور، آئی آئی چندریگر روڈ، کراچی
bachonkajang@janggroup.com.pk