• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی جیولر کی انگوٹھی نے ورلڈ ریکارڈ بنالیا

بھارتی جیولر کی 12ہزار سے زائد ہیروں سے جڑی انگوٹھی نے عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرشیت بنسل نامی بھارتی جیولر نے بڑی ہی محنت سے ایک خوبصورت پھول کی شکل والی انگوٹھی تیار کی جس میں اُنہوں نے 12ہزار چھ سو 38 چھوٹے بڑے ہیروں کا استعمال کیا۔

اس پُرکشش انگوٹھی کو جہاں ہر دیکھنے والے نے پسند کیا تو وہیں ہیروں سے جڑی اس انگوٹھی نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بُک میں اپنی جگہ حاصل کرلی ہے۔

اس حوالے سے انگوٹھی تیار کرنے والے بھارتی جیولر کا کہنا ہے کہ یہ ابھی تک کا اُن کا سب سے انمول ڈیزائن ہے اور فی الحال اُن کا اس انگوٹھی کو فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بھارتی جیولر نے بتایا کہ اُن کی اس انگوٹھی کا وزن ایک سو 65 گرام ہے جبکہ یہ پہننے کے لیے آرام دہ ہے۔

بنسل نے کہا کہ انہیں یہ خیال دو سال قبل بھارت کے ہیرا کے مرکز مغربی شہر سورت میں زیورات کے ڈیزائن کی تعلیم حاصل کرتے ہوئے آیا تھا۔

بنسل نے کہا کہ اُن کا ہدف ہمیشہ ہی 10 ہزار سے زیادہ ہیروں کا تھا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس ابھی اسے فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ورلڈ ریکارڈ بنانا ہمارے لیے فخر کی بات ہے لہٰذا یہ انگوٹھی ہمارے لیے بہت انمول ہے۔ 

تازہ ترین