اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین‘ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر اشرفی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ عبدالقادر گیلانی اور موسیٰ گیلانی ایم پی اے بھی ہمراہ تھے۔ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بفضل تعالیٰ طبیعت پہلے سے بہت بہتر ہے۔ کورونا کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم بیرون ملک اور اندرون ملک خیریت دریافت کرنے والوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے خاندان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھا۔